Monday, July 27, 2009

بزمِ اطفال

از خالد سلیم صمصام

عقلمند کسان اور مال کی تقسیم

ایک بادشاہ اتفاق سے کھیتوں کی طرف آنکلا ، اس نے ایک کسان کو کھیتوں میں ہل چلاتے ہوئے دیکھا تو اس سے پوچھنے لگا : تم دن بھر میں کتنا کما لیتے ہو؟
کسان نے جواب میں کہا:
بادشاہ سلامت میں روزانہ چار روپے کماتا ہوں ، جن میں سے ایک خرچ کرتا ہوں ، دوسرا ادھار دے دیتا ہوں ، تیسرا قرض چکانے میں چلا جاتا ہے اور چوتھا روپیہ میں کنوئیں میں ڈال دیتا ہوں ۔
باشاہ کہنے لگا : اے کسان میں تمہاری بات بالکل بھی نہیں سمجھا ، ذرا اس کی وضاحت کرو۔
کسان نے اطمینان سے جواب دیا: حضور پہلا روپیہ میرے اور میری بیوی پر خرچ ہوتا ہے ، دوسرا میں اپنے بچوں پر خرچ کرتا ہوں اس لیے کہ جب میں بوڑ ھا ہو جاؤں گا تو وہ مجھے کھلا سکیں گویا میں انہیں ادھار دے رہا ہوں ، تیسرا اپنے والدین پر خرچ کرتا ہوں اس لیے کہ انہوں نے مجھے پال پوس کر بڑ ا کیا میں ان کا قرض ادا کر تا ہوں ، چوتھا روپیہ میں خیرات کر دیتا ہوں جس کا بدلہ میں دنیامیں نہیں لینا چاہتا ، گویا نیکی کر کے دریا میں ڈال رہا ہوں بادشاہ اس تقسیم کو سن کر اس کی عقلمندی پر حیران رہ گیا۔

کامیاب زندگی کیسے گزاریں ؟؟؟
زندگی کو خوبصورت بنانا ہر انسان کا بنیادی فرض ہے لیکن اس کیلئے کچھ ضروری باتوں کا خیال رکھا جائے تو یہ کام نہایت آسان ہو جاتا ہے ، مثلاً
غوروفکر: کسی کام کو شروع کرنے سے پہلے سوچ بچار کر لینا بہت سی لغزشوں سے محفوظ رکھتا ہے ، طویل غوروفکر منصوبوں کے نتائج کو اچھا کر دیتی ہے ۔
تنہائی: یہ ہماری زندگی میں ایک موڑ لے کر آتی ہے ، جس میں انسان اپنا احتساب کر سکتا ہے ۔
خاموشی: دانا آدمی کی علامت ہے کہ وہ کم بولتا ہے اورزیادہ سنتا ہے ، خاموشی امن کی ضامن ہے کیونکہ کم بولنا عیوب کو چھپائے رکھتا ہے اور گنا ہوں کوکم کرتا ہے ۔
محنت: کامیابی صرف ا سکے مقدر میں آتی ہے جو اپنے مقصد کے حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دے ، یہ محنت ہی ہے جس سے کامیابی اور کامرانی آپ کے قدموں میں ڈھیر ہو کر ایک مختصر سی زندگی کو صدیوں تک یادگار بنا سکتی ہے ۔
خود اعتمادی: کامیابی کا سب سے بڑ ا راز خود اعتمادی میں ہے ، کیونکہ شوق اور اعتماد انسان کو کامیابی سے محروم نہیں کرتے ، یہ ایک ایسی شمع ہے جو اندھیرے راستوں میں سیدھی سمت کی طرف رہنمائی کرتی ہے ۔
امید : ایک سکون بخش وادی ہے جو اپنے دامن میں پناہ دے کر گہرے سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیتی ہے اور یہی کامیابی کا دوسرا نام ہے ۔
عزت: عزت کرنے سے غیر لوگ بھی اپنے بن جاتے ہیں ، پسماندہ طبقات میں بھی حوصلہ پیدا ہوتا ہے اوریوں انسانیت کا سرفخر سے بلند ہو جاتا ہے ، انسان کی اپنی زبان کے پیچھے چھپا ہوتا ہے اور میٹھی زبان اس کو بہت زیادہ دشمنوں سے محفوظ رکھتی ہے ۔
میانہ روی : یہ خوش بختی کی علامت ہے ، میانہ روی اختیار کرنے والاکبھی بھی تنگ دست نہیں ہوتا ، اپنی غذ ا کم کرو امراض خود بخود کم ہو جائیں گے ، باتیں کم کرو گے تو ملامت سے بچے رہو گے ۔
غصہ : غصہ ایک بھڑ کتی ہوئی آگ کی مانندہے جو اسے تحمل سے پی گیا گویا اس نے یہ آگ بجھا دی ، اور جو اپنے آپ پر ضبط نہ کر سکا وہ پہلے تو خود اس میں جلتا ہے پھردوسروں کو اس کی نذر کر دیتا ہے ۔
علم : علم دلوں کی تنہائی کا ساتھی ، اندھوں کیلئے بینائی، او ر پیاسوں کیلئے پانی کی طرح ہے ، ان سب سے بڑ ھ کر علم کی طلب عبادت ہے ۔
مجلس اہل علم :عالم کی مجلس جنت کے باغ کی طرح ہے ، جوعلماء کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے وہ باوقار ہو جاتا ہے ، جب تم کسی عالم کے پاس بیٹھو تو کہنے سے زیادہ سننے کا اشتیاق رکھویہ تقویٰ کے حصول کا ذریعہ ہے ۔

معلومات

٭ دنیا میں سب سے زیادہ کرمائیٹ پاکستا ن میں پایا جاتا ہے ۔
٭ پاکستان کے سب سے بڑ ے ڈیم کا نام تربیلا ڈیم ہے ۔
٭ پاکستان کی بلند ترین چوٹی کے ۔ٹو ہے ۔
٭ پاکستان کا قومی پھول چنبیلی ہے ۔
٭ پاکستان میں بننے والے سب سے پہلی ٹریکٹرکمپنی کا نام باغبان تھا۔
٭ دنیا کا سب سے بڑ ا جزیرہ گرین لینڈ ہے ۔
٭ دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ویٹی کن سٹی ہے ۔
(مرسلہ : عبدالرشید یوگو ۔ جامعہ ابی بکر الاسلامیہ )
 

آپ کے اشتہارات

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم قاری!
اب آپ اسوۂ حسنہ کی سائیٹ کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں۔
تو ابھی رابطہ کیجئے
usvaehasanah@gmail.com

اسوۂ حسنہ کا ساتھ دیں

ماہ صفر

آپ کو اسوۂ حسنہ کی نئی سائیٹ کیسی لگی؟